آج سورج 2بجکر 18 منٹ پر خانہ کعبہ کے عین اوپر ہو گا، قبلہ رخ متعین کرنا آسان
لاہور (92نیوز) ہر سال کی طرح آج بھی سورج مسلمانوں کے مقدس ترین مقام خانہ کعبہ کے عین اوپرسے گزرے گا۔ اہل ایمان سورج کو دیکھ کر قبلہ رخ کی درست سمت کا تعین کر سکیں گے۔
پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر اٹھارہ منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر چمک رہا ہوگا۔ قبلہ کی درست سمت معلوم کرنے کیلئے زمین میں ایک لمبی چھڑی گاڑھ دی جاتی ہے اور دو بج کر اٹھارہ منٹ پر چھڑی کا سایہ مکہ مکرمہ کی بالکل مخالف سمت میں ہوگا جس سے درست سمت کا تعین کیا جا سکتا ہے۔
قبلہ کی سمت معلوم کرنے کے دیگر کئی طریقے بھی ہیں لیکن قدرت نے اپنی مخلوق کی آسانی کیلئے یہ سب سے سہل طریقہ مقرر کر رکھا ہے۔ یہ واقعہ سال میں دو مرتبہ وقوع پذیر ہوتا ہے۔