Friday, April 26, 2024

کرپشن کہانیاں !!! اہم سندھی خاتون رہنما کی ملک سے بھاگنے کی تیاریاں !!! آصف زرداری کے بہنوئی کی ایئرپورٹ سے آنیاں جانیاں

کرپشن کہانیاں !!! اہم سندھی خاتون رہنما کی ملک سے بھاگنے کی تیاریاں !!! آصف زرداری کے بہنوئی کی ایئرپورٹ سے آنیاں جانیاں
June 20, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ کی اہم خاتون رہنما کے گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرا تنگ کردیا جبکہ خاتون رہنما نے ملک سے فرار کی تیاری مکمل کر لی۔ دوسری جانب کراچی ایئرپورٹ پر پوچھ گچھ کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی گئی۔ آصف زرداری کے بہنوئی اور سیکرٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو کو بھی ائیرپورٹ پر روک لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کرپشن اور کالے دھن کی کہانیاں منظرعام پرآنے کے بعد سندھ میں بااثر ترین شخصیات کو پریشانی لاحق ہو گئی۔ صوبے کے بڑے سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والی اہم ترین خاتون رہنما جوکہ سندھ حکومت کے معاملات چلانے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں، تبادلوں سے لے کر زمینوں کی فائلوں تک سب کچھ انہی کے اشاروں پر ہوتا رہا۔ اب بیرون ملک فرار کا راستہ ڈھونڈ رہی ہیں۔ ذرائع نے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر سے اہم شواہد ملنے اور فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے کرتا دھرتاوں کی گرفتاریوں کے بعد اس خاتون رہنما نے بیرون ملک جانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ قانون نافذکرنے والے اداروں نے بھی ان کی کڑی نگرانی شروع کررکھی ہے۔ دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی سید اویس مظفر کو بھی کراچی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا اور طویل پوچھ گچھ کے بعد بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اویس مظفر غیرملکی پرواز ای کے 602 کے ذریعے براستہ متحدہ عرب امارات لندن گئے ہیں جہاں ان کے بھائی وسیم کا انتقال ہوا ہے اور وہ اپنے بھائی کی میت کے ہمراہ واپس آئیں گے۔ سندھ کے سیکرٹری تعلیم اور آصف زرداری کے بہنوئی فضل اللہ پیچوہو کو بھی کراچی ائیرپورٹ پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پوچھ گچھ بھگتنا پڑی۔ ذرائع کے مطابق 1 گھنٹے تک کی جانے والی پوچھ گچھ کے بعد فضل اللہ پیچوہو کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے۔