Monday, May 6, 2024

پولینڈ الیکشن : اپوزیشن رہنما آندرے دودا انتخابی دوڑ جیت گئے، صدر برونی سلاوکمورو وسکی نے شکست تسلیم کر لی

پولینڈ الیکشن : اپوزیشن رہنما آندرے دودا انتخابی دوڑ جیت گئے، صدر برونی سلاوکمورو وسکی نے شکست تسلیم کر لی
May 25, 2015
وارسا (ویب ڈیسک) پولینڈ کے صدارتی الیکشن میں اپوزیشن امیدوار آندرے دودا صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ موجودہ صدر برونی سلاو کمورو وسکی نے شکست تسلیم کرتے ہوئے آندرے دودا کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے حریف اور ملک کیلئے کامیابی او نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پولینڈ کے عوام نے صدر برونی سلاو کمورو وسکی کے رجعت پسند حریف آندرے دودا کو ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے رن آف الیکشن کے ایگزٹ پول کے مطابق آندرے دودا کو تریپن فیصد ووٹ پڑے جبکہ برونی سلاو صرف سینتالیس فیصد ووٹ حاصل کر سکے۔ پینتالیس سالہ آندرے دودا کی جیت ایک عشرے میں اپوزیشن کی پہلی بڑی کامیابی ہے اور انتخابی نتائج اس بات کا اشارہ ہیں کہ عوام ملکی خوشحالی میں حصہ نہ ملنے پر مایوس ہیں جس سے وزیراعظم ایوا کوپش کو واضح پیغام ملا ہے کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں جیت آسان نہیں ہو گی۔ آندرے دودا نے انتخاب پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور اپوزیشن نے کامیابی پر جشن منانا شروع کر دیا۔دودا سابق صدر لیخ کاٹنسکی کے قانونی مشیر، نائب وزیر قانون اور رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔