Friday, April 26, 2024

پنجاب میں یتیم اور بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات قابل تعریف ہیں :ریہام خان

پنجاب میں یتیم اور بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات قابل تعریف ہیں :ریہام خان
May 23, 2015
لاہور(92نیوز)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان  کی اہلیہ ریہام خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے بھٹہ مزدور بچوں کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں اور وہ ان کی تعریف کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کاموں کو دکھاوے کے لیے نہیں بلکہ مخلصانہ طریقےسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جانا چاہئے۔ لاہور میں پچاسی سے زائد یتیم بچیوں کی کفالت کے لیے قائم کیے گئے ادارے میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریہام خان کا کہنا تھا کہ سب کو مل کر ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یتیم اور لاوارث بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہئے۔ ریحام خان نے گلہ کیا کہ میڈیا میں یہ تاثر پھیل رہا ہے کہ عوام میں عمران خان کی مقبولیت میں کمی ہورہی ہے جبکہ صورت حال اس کے برعکس ہے،عمران خان کی اہلیہ نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کے انتخابات میں حصہ لینے کی تاریخ تو پرانی ہے تاہم سیاسی جماعتوں نے انٹراپارٹی انتخابات نہیں کرائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے نہ صرف اپنی پارٹی کے اندر انتخابات کرائے ہیں بلکہ غلطیوں سے سبق بھی سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری سیاسی جماعتیں بھی تحریک انصاف کی تقلید کریں۔