Friday, April 26, 2024

پروفیسرڈاکٹر مسعود حمید پاکستان ڈینٹل کونسل کی صدارت پر ناجائز قابض

پروفیسرڈاکٹر مسعود حمید پاکستان ڈینٹل کونسل کی صدارت پر ناجائز قابض
May 29, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں بدعنوانی کی تحقیقات کے حوالے سے کمیشن کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر مسعود حمید ناجائز طور پر عہدے پر قابض ہیں اور سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر عاصم حسین کے ساتھ مل کر اپنی مرضی کے افسر مسلط کرکے کرپشن کو ہوا دے رہے ہیں،کونسل پر قابض مافیا نے طب جیسے اہم شعبے کو تباہ کرنے کی ٹھان لی ہے۔ انکوائری کمیشن کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدرڈاکٹرمسعود حمید نے کونسل میں عہدوں کی بندر بانٹ کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کو انضباطی کمیٹی کا سربراہ بنا دیا، ڈاکٹر عاصم پیپلز پارٹی کے دور میں وزیر پٹرولیم رہے،اوگرا کرپشن کیس میں نامزد ہوئے، میڈیکل یونیورسٹی کے مالک ہیں اور اب وزارت پٹرولیم کی تباہی کے بعد انہیں پی ایم ڈی سی کے ذریعے ملک کے طبی شعبہ کو تباہ کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم پی ایم ڈی سی کی انضباطی کمیٹی کے سربراہی کے علاوہ سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی سربراہی بھی سنبھالے ہوئے ہیں،انہیں صوبائی وزیر کا درجہ دیا گیا ہے،لیکن سندھ ایجوکیشن کمیشن بھی غیر فعال ہے اور اس کے افسر سرکاری خرچ پر موج میں مصروف ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عاصم کو سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا سربراہ بنانا بھی متنازع ہے اور ان کے تقرر کو وفاقی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سابق سربراہ ڈاکٹر عطاء  الرحمن نے سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر مسعود حمید نے ایک ریٹائرڈ کرنل کو ایڈمن افسر  اپنی یونیورسٹی کے چہیتے اسسٹنٹ پروفیسر کو سیکرٹری کے عہدے سے نواز رکھا ہے۔ گریڈ 18 کی افسرڈاکٹر شائستہ کو گریڈ 20 کی پوسٹ پر رجسٹرارپی ایم ڈی سی تعینات کردیا ہے۔