Saturday, April 27, 2024

پاکستانی معیشت بہتری کی طرف گامزن، تجویزکردہ اصلاحات پر عملدرآمد سے پاکستان ابھرتی ہوئی منڈی بن جائیگا: آئی ایم ایف

پاکستانی معیشت بہتری کی طرف گامزن، تجویزکردہ اصلاحات پر عملدرآمد سے پاکستان ابھرتی ہوئی منڈی بن جائیگا: آئی ایم ایف
May 13, 2015
آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج بہتری کی طرف جا رہی ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام میں کارکردگی کے تمام پیمانے بھی مکمل کر لئے۔ تجویزکردہ اصلاحات پر بھرپور عملدرآمد سے پاکستان ایک متحرک ابھرتی ہوئی منڈی بن جائے گا۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ ای ایف ایف کے تحت ساتواں جائزہ مشن مکمل  ہونے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ  معاشی استحکام، تیل کی کم قیمتوں، مضبوط ترسیلات زر اور گیس وبجلی کی بہتر فراہمی کی بنا پر پاکستان کی معیشت بتدریج بہتری کی طرف جارہی ہے۔ رواں مالی سال میں حقیقی جی ڈی پی نمو چار فیصد تک پہنچنے اور اگلے سال بڑھ کر چار اعشاریہ پانچ فیصد ہونے کی توقع ہے۔ مہنگائی اپریل میں کم ہو کر دو اعشاریہ ایک فیصد ہو گئی لیکن اگلے مہینوں میں بڑھنے کے امکانات ہیں۔ آئی ایم ایف نے آئندہ بجٹ دو ہزار پندرہ سولہ میں مالی خسارہ مزید کم رکھنے، سیلاب متاثرین کی آبادکاری، انسداد دہشتگردی کارروائیوں کیلئے فنڈز بڑھانے، بے گھر افراد کی گھروں کو واپسی اور آبادکاری کے منصوبوں کا خیرمقدم کیا۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کیلئے پروگرام کے دوسرے نصف حصے کی اہم ترجیحات میں توانائی کے شعبے کو بہتر بنانا، انفراسٹرکچر، منصوبوں میں سرمایہ کاری اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا شامل ہیں۔ آئی ایم ایف کے مطابق پروگرام میں تجویزکردہ اصلاحات پر بھرپور عملدرآمد سے پاکستان ایک متحرک ابھرتی ہوئی منڈی بن جائے گا۔