Sunday, May 5, 2024

مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری ، موسم خوشگوار

مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری ، موسم خوشگوار
May 15, 2019
لاہور ( 92 نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں  بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔ سیہون شریف ، روجھان  میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ ملک کے مختلف شہروں میںموسلا دھار بارش   بارشوں کی نئی اننگز شرو ع ہو گئی ۔ پنجاب میں چشتیاں ، اوکاڑہ ، رینالہ خورد ، کوہلو ، راجن پور اور دیگر علاقوں میں بادل کھل کر برسے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ، شہر لاہور کو بادلوں نے اپنے آغوش میں لے لیا جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ دیپالپور ، حویلی لکھا ، حجرہ شاہ مقیم اور بصیر پور میں بارش  نے گرمی بھگا دی  جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

بورے والا میں موسلا دھار بارش   ہوئی جبکہ گرڈ اسٹیشن عظیم آباد پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا۔گریڈ اسٹیشن کی بجلی کی بحالی کے لئے خصوصی ٹیمیں ملتان اور ساہیوال سے بورےوالا کی طرف روانہ کر دی گئیں۔ سوات کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کیساتھ بارش کا سلسلہ جاری  ہے ، بارش سے موسم سرد ہو گیا جبکہ گرمی کے ستائے عوام کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور موسم سہانہ ہو گیا۔ چشتیاں شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی  جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی آگئی ،  بارش کے باعث کئی علاقوں کی بجلی کی سپلائی معطل رہی ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج اور کل مکران ، قلات ، ژوب اور ڈی جی خان  ڈویژن میں  چند مقامات  پر موسلا دھار  بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے  آج سے ہفتہ کے روز تک خیبر پختونخوا ، پنجاب اور اسلام آباد میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔ بلوچستان ، بالائی سندھ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی  آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ ملتان  شہر اور گردو نواح میں ہلکی ہلکی بوندا باندی ہوئی  تو  موسم خوشگوار ہوگیام، لتان اور نواحی علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش سے کچھ علاقوں میں بجلی غائب ہے ۔ کوہلو شہر اور گردونواح ميں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی  جس سے  ماکوڑی میں برساتی نالے بپھر کر سیلابی صورتحال اختیار کرگئے ۔ ماکوڑی میں سیلابی ریلا 20 بکریاں بہا کر لےگیا ، بارش کی بوندیں گرتے ہی بجلی غائب، پورا شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔