Friday, April 26, 2024

لوڈشیڈنگ کےخلاف عوام سڑکوں پر آگئے !!! قریہ قریہ، نگرنگر احتجاج، گرڈ سٹیشن نذرآتش، لاٹھی چارج، کئی مظاہرین زخمی

لوڈشیڈنگ کےخلاف عوام سڑکوں پر آگئے !!! قریہ قریہ، نگرنگر احتجاج، گرڈ سٹیشن نذرآتش، لاٹھی چارج، کئی مظاہرین زخمی
June 20, 2015
پشاور / قصور/ ملتان/ لاہور / کراچی (92نیوز) لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے، قریہ قریہ، نگرنگر احتجاج۔ پشاور، قصور، ملتان، لاہور، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور دیگر شہروں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ چارسدہ میں مظاہرین پھر سڑکوں پر نکل آئے۔ ایک اور گرڈ اسٹیشن نذر آتش، لاٹھی چارج اور شیلنگ سے کئی زخمی، پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں بھی لوڈشیڈنگ کا جن بوتل میں بند نہیں کیا جاسکا، اب وہ دندناتا پھررہا ہے، بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزارمیگاواٹ سے تجاوز کرنے پرسحروافطارمیں بھی لوڈشیڈنگ ہونے لگی۔ سحر اورافطارکے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعووں کے غبارے سے پہلے ہی دن ہوا نکل گئی۔ سخت گرمی میں عوام کا پارہ بھی چڑھ گیا اورانہوں نے مختلف مقامات پرحکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بجلی کی پیداوار 16 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ طلب 21ہزار میگاواٹ سے بھی بھی بڑھ گئی ہے۔ شارٹ فال بڑھنے سے شہری علاقوں میں دس سے بارہ اوردیہات میں سولہ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ لیسکوکے تمام علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر ہے اورہرپانچ منٹ بعد ٹرپنگ معمول بن گئی۔ وولٹیج بھی پورے نہیں آرہے۔ ایک اندازے کے مطابق لیسکوکوطلب کے مقابلے میں پچاس فیصد کم بجلی مل رہی ہے۔ ذرائع پانی وبجلی کا کہنا ہے کہ پن بجلی کی پیداوار چھ ہزار چھ سو میگاواٹ اور نجی پاور پلانٹس کی پیدوارپانچ ہزار سات سو سترہ میگاواٹ ہیں، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس تین ہزار پانچ سو میگاواٹ بجلی پیداکررہے ہیں۔