Monday, May 6, 2024

فرنچ اوپن: ٹاپ سیڈ راجر فیڈرر اور تھرڈ سیڈ سیمونا ہالیپ نے اپنے اپنے میچ جیت لئے، ماریا شراپووا اور اینڈی مرے آج کورٹ میں اتریں گے

فرنچ اوپن: ٹاپ سیڈ راجر فیڈرر اور تھرڈ سیڈ سیمونا ہالیپ نے اپنے اپنے میچ جیت لئے، ماریا شراپووا اور اینڈی مرے آج کورٹ میں اتریں گے
May 25, 2015
پیرس (ویب ڈیسک) کلے کورٹ گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے پہلے روز راجر فیڈرر، اسٹین واورینکا، سیمونا ہالیپ اور اینا ائیوا نووچ نے اپنے اپنے میچ جیت کر دوسرے مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔ آج ماریا شراپووا، اینڈی مرے اور گیل مونفلز کورٹ میں اتریں گے۔ ٹینس سیزن کا دوسرا گرینڈ سلام اتوار سے پیرس میں شروع ہوا۔ سوئٹزرلینڈ کے عالمی نمبر ایک اور ٹاپ سیڈ راجر فیڈرر نے کولمبیا کے الیجانڈرو فالا کو شکست دی، ان کا اسکور چھ تین، چھ تین اور چھ چار رہا۔ فیڈرر کے ہم وطن اسٹین سلاس واورینکا نے ترکی کے مارسل اِلہان کو چھ تین، چھ دو اور چھ تین سے زیر کیا۔ فرانس کے جو وِلفرائیڈ سونگا نے سویڈن کے کرسٹیان لینڈل اور جاپان کے کی نیشی کوری نے فرانس کے پال ہینری میتھیو کو شکست دی۔ خواتین کے مقابلوں میں رومانیہ کی تھرڈ سیڈ سیمونا ہالیپ نے روس کی ایوگینی روڈینا کو زیر کیا، انہوں نے سات پانچ اور چھ چار سے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ سربیا کی سیون سیڈڈ اینا ائیوا نووچ نے قازقستان کی یارو سلاوا شیوا ڈووا کو شکست دی، ان کا سکور چار چھ، چھ دو اور چھ صفر رہا۔ روس کی الینا ویزنینا اور ایکتارینا میکارووا، سربیا کی بوجانا جوانو وسکی اور کروشیا کی مرجانا لوچک نے بھی اپنے میچ جیت لئے۔