Friday, April 26, 2024

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے وزیر اعظم کی پریشانی بڑھا دی

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے وزیر اعظم کی پریشانی بڑھا دی
June 20, 2015
اسلام آباد(92نیوز)حکومتی دعوؤں کے باوجود ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ اور بجلی بحران کے باعث وزیر اعظم نواز شریف نے سیکرٹری پانی و بجلی کو طلب کر لیا۔ سیکرٹری نے وزیر اعظم کو بتایا ہے کہ بجلی کی طلب میں کمی سے صورتحال بہتر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے بار بار رمضان المبارک کے درمیان سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے اعلانات کے باوجود ملکے کے بیشتر شہروں میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے وزیر اعظم نواز شریف کی پریشانی بڑھا دی ہے۔ اسی وجہ سے انھوں نے سیکرٹری پانی وبجلی کو طلب کرکے ملک میں جاری لوڈشیڈنگ کی صورتحال بارے آگاہی لی۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ  پہلے روزے کو بجلی کی غیر متوقع طلب دیکھنے میں آئی اس غیر متوقع طلب کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنا پڑی۔ انھوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ موجودہ صورتحال میں بہتری صرف بجلی کے استعمال میں کمی سے لائی جاسکتی ہے اور اس کے لیے عوام کو تعاون کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ عوام صرف انتہائی ضرورت کے برقی آلات استعمال کریں تو طلب میں کمی ہو سکتی ہے جس سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی اور سحرو افطار میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ عوام کی تکالیف کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 5 ہزار میگاواٹ کی سطح پر برقرارہے،۔ بجلی کی پیداوار 14700 میگاواٹ اور طلب 20200 میگاواٹ ہے۔