Friday, April 26, 2024

عابد شیر علی کی سحری کے وقت فیسکو ہیڈکوارٹر آمد، ویڈیو لنک پر لوڈشیڈنگ سے متعلق بریفنگ لی، روزہ داروں کو تکلیف پر معافی مانگ لی

عابد شیر علی کی سحری کے وقت فیسکو ہیڈکوارٹر آمد، ویڈیو لنک پر لوڈشیڈنگ سے متعلق بریفنگ لی، روزہ داروں کو تکلیف پر معافی مانگ لی
June 20, 2015
فیصل آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نےسحری وافطاری کے موقع پر لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزہ داروں کو پہنچنے والی تکلیف پر معافی مانگ لی ہے اور سحری وافطاری کے اوقات  میں صنعتوں کی بجلی  بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک کو چھے سو پچاس میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کے باوجود کراچی اندھیروں میں ڈوبا ہے۔ عابد شیر علی سحری کے وقت فیسکو ہیڈکوارٹر پہنچے اور وفاقی سیکرٹری یونس ڈھاگہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے لوڈشیڈنگ کے بارے بریفنگ لی۔ عابد شیر علی نے  پہلے روزے کے موقع پر لوڈشیڈنگ پرعوام سے معذرت کرتے ہوئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے نئے عزم کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ شہری علاقوں میں چھے گھنٹے جبکہ دیہات میں آٹھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو گی۔ ملک میں بجلی کی طلب بیس ہزار پانچ سو میگاواٹ ہے جبکہ سسٹم میں پندرہ ہزارمیگاواٹ موجود ہے۔ وزیر مملکت پانی وبجلی نے کہا کہ پاک فوج ضرب عضب میں مصروف ہے، جس نے پاک فوج کو للکارا ہے پوری قوم اسے للکارے گی۔ سیاسی بیانات کا کراچی آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ امن قائم کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔ رینجرز کرپٹ اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہی ہے۔