Friday, April 26, 2024

ضابطہ اخلاق کی ورزی، الیکشن کمیشن نے تحریری معافی مانگنے پر کیپٹن (ر) صفدر سمیت 8 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے کیسز نمٹا دیے، اکرم درانی 3جون کو طلب

ضابطہ اخلاق کی ورزی، الیکشن کمیشن نے تحریری معافی مانگنے پر کیپٹن (ر) صفدر سمیت 8 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے کیسز نمٹا دیے، اکرم درانی 3جون کو طلب
May 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیسز پر کیپٹن (ر) صفدر، صاحبزادہ طارق اللہ، ابرار حسین سمیت آٹھ اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کے کیسز معافی مانگنے پر نمٹا دیے گئے جبکہ وفاقی وزیر اکرم درانی تین جون کو دوبارہ طلب کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیسز کی سماعت کی۔ طلب کیے گئے آٹھ اراکین صوبائی و قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن سے تحریری معافی مانگ لی۔ نمٹائے گئے کیسز میں پی کے 57 سے حاجی اکبر، این اے 16 سے خیال زمان، ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید، عوامی جمہوری اتحاد کے عبدل منین، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ اور پی کے 4 سے عارف یوسف کے کیسز شامل ہیں۔ کیپٹن صفدر کی جگہ ان کے وکیل اشرف گجر ایڈوکیٹ پیش ہوئے جبکہ ان کے خلاف درخواست گزار بھی پیش نہ ہوئے جس پر کیس بھی نمٹا دیا گیا۔ وفاقی وزیر اکرم درانی کو 3 جون کو دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ اکرم درانی وفاقی وزیر ہیں، انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری ان کا فرض ہے۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ احتیاط برتنے کی ہدایت پر اکرم درانی کے علاوہ تمام کیسز نمٹا دیے۔ سماعت کے موقع پر چیف الیکشن کمیشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ 30 مئی تک تمام ترقیاتی سکیمیں روک دی جائیں اور آئندہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کی جائے ورنہ معاملہ نااہلی تک بھی جا سکتا ہے۔