Friday, April 26, 2024

سرکاری افسران کی ترقیوں میں سندھ اور بلوچستان کے افسران کیساتھ امتیازی سلوک پر خورشید شاہ کا وزیراعظم میاں نوازشریف کوخط

سرکاری افسران کی ترقیوں میں سندھ اور بلوچستان کے افسران کیساتھ امتیازی سلوک پر خورشید شاہ کا وزیراعظم میاں نوازشریف کوخط
May 8, 2015
اسلام آباد(92نیوز)سرکاری افسران کی گریڈ بائیس میں ترقیوں کے دوران سندھ اور بلوچستان کے ساتھ امتیازی سلوک پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم کو خط ارسال کر دیا۔ خط میں شکایت کی گئی ہے کہ سندھ کے آٹھ سینئر افسران کو نظرانداز کر کے جونیر افسران کو گریڈ بائیس میں ترقی دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ گریڈ اکیس سے بائیس میں ترقی دیتے وقت سندھ اور بلوچستان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا، اور سندھ کے آٹھ سینئر افسران کو نظرانداز کر کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے جونیئر افسران کو ترقیاں دی گئیں۔ خط کے ساتھ نظرانداز کیے گئے آٹھ سینئر افسران کی فہرست بھی وزیراعظم کو بھجوائی گئی ہے۔ سندھ کے آٹھ سینئر افسران میں اقبال بابلانی، مختیار سومرو اور احمد بخش ناریجو، ہاشم رضا زیدی، علی ممتاز اور شمس سومرو، اقبال درانی اور فضل پیچوہو کو بھی نظرانداز کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم سے اس معاملے پر ملاقات کیلئے وقت بھی مانگا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس وقت 40 وفاقی سیکرٹریز میں سندھ کا صرف ایک سیکرٹری ہے جو زیادتی ہے، سندھ اور بلوچستان کے سینئر افسران کے امتیازی سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے غیر منصفانہ فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔