Tuesday, May 21, 2024

سانحہ ساہیوال کے مقتولین کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی

سانحہ ساہیوال کے مقتولین کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی
January 19, 2019
لاہور ( 92 نیوز) سانحہ ساہیوال کے بعد ساہیوال کاعلاقہ دہشت گردوں سے پاک ہوایانہیں البتہ لاہور کے ایک ہی گھرکے تین مکینوں سمیت چارافراد کے خون کے چھینٹوں سے داغدار ضرورہوگیا۔ سانحہ ساہیوال میں  ایک ہی گلی کے دوگھروں میں چارلاشوں کے آنے کی اطلاع پہنچی تو مکین خوف اورسوگ کی تصویربن گئے،خلیل،اس کی اہلیہ اوربیٹی اورقریبی گھرمیں ذیشان کی موت کاعلم ہواتوعلاقے میں روناچیخناشروع ہوگیا۔ مرنے والے کے ورثا اوراہل علاقہ  کاکہنا ہے کہ پولیس نے ناحق قتل کئے، بچوں کو بھی دہشت گرد بنادیاگیا۔ چاراموات کے سوگ سے فضاغمگین اور علاقے میں سکوت طاری ہوگیا،قریبی دکانیں بند ہوگئیں اور علاقے کے زیادہ ترمکین فیروزپورروڈ پراحتجاج میں شامل ہونےکے لئے چلے گئے۔ دوسری جانب بوریوالہ کے نواحی گاؤں 293 ای بی میں شادی والا گھر بھی ماتم کدے میں تبدیل ہو گیا،  شادی والے گھر میں آنے والے مہمان راستے میں ہی انسداد دہشتگردی کے محکمے کی دہشتگردی کا نشانہ بن گئے ۔ چینل 92 نیوز سے بات کرتے ہوئے دلہا  بھی غم ناک دکھائی دیا  ،  گاؤں کا ہرباسی اس واقعے کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہےجبکہ گھر غم کی ناقابل بیان داستان کا نشان بن  چکا ہے۔ شادی والے گھر کی سب سے بڑی پہچان اُس پر سجی   روشنیاں  ہوتی ہیں  ، مگر یہ گھر اچانک ماتم کدہ بن گیا  جہاں  خوشیوں  کا نشان   جگمگاتی روشنیاں غم کی المناک داستان سنا رہی ہیں ۔ شادی والے گھر میں دلہا کے رشتے دار اور گھر کے افراد موجود تھے کہ  ایسا واقعہ پیش آ گیا کہ سبھی رو دیئے  ، گاؤں کے لوگوں نے کہا کہ لاہور سے آنے والے مہمان دہشت گرد نہیں تھے ۔