ساہیوال کے نزدیک مبینہ مقابلہ ، سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے دو خواتین سمیت 4افراد ہلاک

ساہیوال
۱۹ جنوری, ۲۰۱۹ ۵:۱۳ شام

ساہیوال ( 92 نیوز) ساہیوال میں مبینہ مقابلے میں دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک  جب کہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

ساہیوال ٹول پلازہ کے نزدیک کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے شادی میں شرکت کے لئے جانے والی گاڑی پر فائر کھول دیے ، فائرنگ سے گاڑی میں سوار خاوند خلیل اس کی اہلیہ نبیلہ اور بیٹی اریبہ ڈرائیور ذیشان ہلاک ہو گئے ۔ سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے گاڑی میں سوار بچہ عمیر بھی زخمی ہوا جب کہ  دو بچے محفوظ رہے ۔

مبینہ مقابلہ ساہیوال ٹول پلازہ کے قریب دن بارہ  بجے پیش آیا، مبینہ مقابلے کی خبر دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ، سی ٹی ڈی ذرائع نے مارے جانے والوں کو کبھی اغوا کار تو کبھی مبینہ دہشت گرد قرار دیا ،تاہم حقائق سے پردہ اٹھا تو معاملہ نیا ہی رنگ اختیار کر گیا ۔

لاہور سے بورے والا جانے والے خاندان کے افراد مبینہ دہشت گرد ٹھہرے اور بے دردی سے مارے گئے ۔

دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی کے اندر سے کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی ۔

ترجمان لاہور پولیس نے بتایا یہ آپریشن سولہ جنوری کو فیصل آباد میں ہونے والے آپریشن کی ایک کڑی تھا۔ سی ٹی ڈی فیصل آباد سے فرار ہونے والے دہشت گردوں شاہد جبار اور عبدالرحمان کی گرفتاری کے لیئے کاروائیاں کر رہی تھی۔

دوسری طرف اس واقعہ کا آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی۔

تازہ ترین ویڈیوز