Tuesday, May 21, 2024

سانحہ ساہیوال ،وزیراعلیٰ کے حکم پر سی ٹی ڈی کے اہلکار گرفتار

سانحہ ساہیوال ،وزیراعلیٰ کے حکم پر سی ٹی ڈی کے اہلکار گرفتار
January 19, 2019
ساہیوال ( 92 نیوز) سانحہ ساہیوال میں ملوث اہلکاروں کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حکم پر گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ آج  دوپہر دو بجے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جانب سے ساہیوال ٹول پلازہ کے قریب کار سوار فیملی پر فائرنگ کی گئی جس سے 13سالہ بچی اور خاتون سمیت 4افراد ہلاک جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے  مرنے والوں کو دہشتگرد قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ روکنے پر گاڑی سے فائرنگ ہوئی جس پر جوابی کارروائی میں چار دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے مرنے والوں کو کبھی دہشتگرد اور کبھی اغوا کار کہا جاتا رہا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کا نوٹس لیتے ہوئے  افسوس کا اظہار کیا ور فوری شفاف اور آزادانہ تحقیقات کا حکم دیا جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے  نے اہلکاروں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا  اور ایڈیشنل ڈی آئی جی   ذوالفقار حمید کی سربراہی میں جے آئی ٹی بھی بنا دی گئی۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے سانحہ ساہیوال   کی ابتدائی رپورٹ مسترد کر دی اور اہلکاروں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا  جس پر پولیس حرکت میں آئی اور اہلکاروں کر حراست میں لے لیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو زخمیوں کو تمام طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی جب کہ وزیر قانون پنجاب  راجہ بشارت نے کمشنر اور ڈی سی کو فور مرنے والوں کے ورثا سے رابطے کی ہدایت دی ۔ ترجمان وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اگر اہلکار قصور وار پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور لواحقین کو معاوضہ دیا جائے گا۔ ترجمان شہباز گل کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کی فوری گرفتاری کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ کے درمیان ہونیوالے ٹیلیفونک رابطے میں کیا گیا،  جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے  واقعے کی مکمل تحقیقات کے لئے  ایڈیشنل ڈی آئی جی ذوالفقار حمید کی سربراہی میں جے آئی ٹی بھی بنا دی ہے جو واقعے کے بارے میں اپنی رپورٹ تین روز میں پیش کرے گی۔  انٹیلی جنس ایجنسیز آئی ایس آئی ، ایم آئی اور آئی بی کے ممبرز جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گے۔