Thursday, March 28, 2024

ذوالفقار مرزا نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ایک بار پھر عدالت کا سہارا لے لیا

ذوالفقار مرزا نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ایک بار پھر عدالت کا سہارا لے لیا
May 23, 2015
کراچی(92نیوز)ذوالفقارمرزا نے گرفتاری سے بچنےکے لئے ایک بارپھرعدالت کا سہارالے لیا اورخودکوسندھ ہائی کورٹ  کے حوالے کردیا،عدالت نےتمام مقدمات میں عبوری ضمانت منظورکرلی توسابق وزیرِداخلہ کے خلاف مزید تین مقدمات درج کرلئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق دبنگ ہونے کا دعویٰ کرنے والے ذوالفقارمرزا گرفتاری سے بھی ڈرنے لگے پہلے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں چھپ گئے توآج سندھ ہائی کورٹ میں پناہ لے لی اورگرفتار نہ کرنے کی دہائی دیتے رہے۔ سندھ ہائیکورٹ نےان کی فریاد سن لی اوران کی تمام مقدمات میں عبوری ضمانت منظورکرلی،عدالت نے پولیس کو انہیں گرفتار نہ کرنے کی بھی ہدایت کردی اور ذوالفقار مرزا کو ایس ایس پی کی سطح پرسیکیورٹی افسرتعینات کرنے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے رینجرز کو ذوالفقار مرزا کو بحفاظت گھر پہنچانے کی ہدایت بھی کی عدالت نے  چیف سیکریٹری سندھ ،سیکریٹری داخلہ سندھ،آئی جی ،ڈی آئی جی ساؤتھ اورایس ایس پی ساؤتھ کوطلب کرلیا۔ اس سے پہلےعدالت نے ذوالفقارمرزا کو چھبیس مئی تک گرفتارنہ کرنے کاحکم دیتے ہوئے آئی جی سندھ سے جواب طلب کرلیا۔ اُدھرتمام مقدمات میں ضمانت ملنے کے باوجود سندھ حکومت نے ڈاکٹرذوالفقارمرزاکے خلاف مزید تین مقدمات درج کرلئے ہیں، جن میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔