Monday, May 6, 2024

جوڈیشل کمیشن :سابق چیف سیکرٹری بلوچستان اور موجودہ سیکرٹری الیکشن کمیشن پر جرح مکمل

جوڈیشل کمیشن :سابق چیف سیکرٹری بلوچستان اور موجودہ سیکرٹری الیکشن کمیشن پر جرح مکمل
May 25, 2015
اسلام آباد(92نیوز)دھاندلی کمیشن کے اجلاس میں سابق چیف سیکرٹری بلوچستان اور موجودہ سیکرٹری الیکشن کمیشن پر جرح مکمل ہو گئی، ،تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ کہتے ہیں فارم چودہ اور پندرہ سے متعلق دستاویزات کہاں ہیں،جواب نہیں مل رہا۔ تفصیلات کے مطابق  چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں قائم تین رکنی انکوائری کمیشن نے انتخابی دھاندلی کی سماعت کی ۔ تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ نے جرح کے دوران موجودہ سیکرٹری الیکشن کمیشن  بابر یعقوب فتح ملک سے پوچھا کہ کیا آپ نے 9 دسمبر 2013  پوسٹ الیکشن رپورٹ پڑھی ہے، اور یہ رپورٹ کس کے پاس ہے  ؟؟ جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے  وہ رپورٹ نہیں پڑھی، یہ    رپورٹ الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔ انھوں نے بتایا کہ محتسب کی طرف سے فارم 14 اور 15 کے متعلق ہدایات ملنےکا علم نہیں،بلوچستان نیشنل پارٹی کے وکیل شاہ خاورنے پوچھا کہ ایف سی بلوچستان کو کون کنٹرول کرتا تھا، جس پر انھوں نے بتایا کہ ایف سی وزارت داخلہ کے ماتحت تھی۔ بابر یعقوب فتح ملک سے پوچھا گیا کہ کیا ڈی جی نیب سیمینارمیں انھوں نے بلوچستان کے صوبائی وزراء پر کرپشن کا الزام لگایا تھا ،جس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انھیں ایسا کچھ  یاد نہیں ، شاہ خاور کے استفسار پر ان کا کہنا تھا کہ  سیمینار کے بعد  چند وزراء نے اجلاس سے  واک آؤٹ بھی کیا تھا ۔ جرح کے دوران انھوں نے بتایا کہ   نگران سیٹ اپ بننے پرنگران وزیر اعلی غوث بخش باروزئی نے عہدہ سنبھالتے ہی بہت سے تبادلوں کا حکم دیا ۔ انھوں نے بتایا کہ انھیں پی بی 43 اور پی بی 42 کے ریٹرننگ افسران نے حالات کی خرابی کے حوالے سے رپورٹ نہیں  دی تاہم حالات کی خرابی کے حوالے سے ان کے پاس مختلف  رپورٹس آتی تھیں۔ پی بی 48 کیچ ون کے ریٹرننگ افسر نے رزلٹ بنایا اور الیکشن کمیشن کو بھیجا ، بعد میں اس  ریٹرننگ افسر کو ہٹا دیا یا معطل کردیا گیا اسکا انھیں علم نہیں ۔ مسلم لیگ نون کے وکیل شاہد حامد نے اپنی جرح کے دوران بابر یعقوب فتح ملک سے پوچھا کہ کیا آپ کو یاد ہے کہ تحریک انصاف نے  بلوچستان کے کن حلقوں سے انتخاب لڑا، اور تحریک انصاف نے بلوچستان سے صوبائی اسمبلی کی کوئی نشست جیتی؟اس پر بھی بابر یعقوب فتح ملک نے بتایا کہ انھیں حلقے یاد نہیں لیکن یہ بتا سکتے ہیں کہ تحریک انصاف کا کوئی امیدوار نہیں جیتا۔ کمیشن کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے ، جسمیں سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد پر جرح ہو گی۔