Friday, April 26, 2024

جنگ عظیم کے خاتمے کو ستر سال مکمل ہونے پر پولینڈ میں تقریب، بان کی مون سمیت مشرقی یورپی ممالک کے رہنماؤں کی شرکت

جنگ عظیم کے خاتمے کو ستر سال مکمل ہونے پر پولینڈ میں تقریب، بان کی مون سمیت مشرقی یورپی ممالک کے رہنماؤں کی شرکت
May 8, 2015
پولینڈ (ویب ڈیسک) یورپ میں دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کو ستر سال مکمل ہونے کے حوالے سے تقریبات پولینڈ کی بندرگاہ گڈانسک میں منائی گئیں۔ بان کی مون سمیت یورپی ممالک کے سربراہوں نے شرکت کی۔ نازی جرمنی پر اتحادی ممالک کی فتح کی تقریبات جمعرات کی نصف شب ویسٹر پلیٹ کے قریب اس مقام پر شروع ہوئیں جہاں جنگ عظیم دوم کے آغاز پر پہلی گولی چلی تھی۔ دنیا کے دیگر ممالک میں جنگ کے خاتمے کی تقریبات اختتام ہفتہ منائی جائیں گی جبکہ یورپی ممالک نے روس کے یوکرائن کے بحران میں ملوث ہونے کی بنا پر ماسکو میں ہونے والی پریڈ کا بائیکاٹ کیا۔ پولینڈ کے صدر برونی سلاف کمورو وسکی نے کہا ہے کہ جنگ عظیم دوم کے خاتمے سے مشرقی یورپ کے عوام کو آزادی نہیں ملی تھی کیونکہ سوویت یونین نے مشرقی یورپی عوام کو ان کی مرضی کیخلاف محکوم بنا لیا۔ گڈ انسک کی تقریب میں بلغاریہ، چیک جمہوریہ، اسٹونیہ، لتھوانیہ، رومانیہ اور یوکرائن کے صدور جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر یوکرائن کے صدر پیٹرو پروشنکو نے کہا ماضی کے ظالمانہ سبق کے باوجود ان کا ملک اکیس ویں صدی میں بھی جارحیت کے جرم کا شکار ہے۔ تقریب سے بان کی مون نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسری جنگ عظیم کے تجربہ کے باوجود دنیا میں تنازعات اورعوام کی ہلاکتیں جاری ہیں۔