پشاور: ڈی ایس پی شعبہ انسداد دہشت گردی بہادر خان نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہو گئے
پشاور (92نیوز) پشاور میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے شعبہ انسداد دہشت گردی کے ڈی ایس پی جاں بحق ہو گئے، بہادر خان گھر سے آفس جارہے تھے کہ گلبہار کے علاقے شیخ آباد میں ان پر حملہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے شعبہ انسداد دہشت گردی کے ڈی ایس پی کو شہید کردیا۔ فائرنگ سے ڈی ایس پی کی بیٹی بال بال بچ گئی۔
پشاورکے تھانہ گل بہار کے علاقہ شیخ آباد میں شعبہ انسداد دہشت گردی میں تعینات ڈی ایس پی بہادرخان کی گاڑی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ بیٹی کو سکول چھوڑنے اور خود آفس جانے کےلئے نکلے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے اور ان کی تعداد دو بتائی جاتی ہے۔
فائرنگ سے ڈی ایس پی بہادر خان شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ فائرنگ سے ڈی ایس پی کی بیٹی بال بال بچ گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی کی گاڑی بے قابو ہوکر دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔
پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔