اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ کرکٹ ڈپلومیسی شروع کرنے کے اعلان پر نوجوان کرکٹرز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز سے نہ صرف دنیا بھر میں شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گ بلکہ ملک میں دم توڑتی کرکٹ کو بھی آکسیجن ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی ٹیموں کو مستقل بنیادوں پر باہمی دورے کرنا چاہیں اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا بلکہ سرد مہری کا شکار تعلقات میں بھی گرمجوشی آئے گی۔
کرکٹرز کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری لانے کیلئے کرکٹ ڈپلومیسی ناگزیر ہےدنیائے کرکٹ میں پاک بھارت مقابلوں کا کوئی متبادل نہیں،دونوں ممالک کی باہمی سیریز سے ملک میں ڈاؤن فال کا شکار کرکٹ کو مضبوط سہارا ملے گا۔
بھارتی وزیر اعظم کے اعلان کے بعد توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ دونوں ٹیمیں متحدہ عرب امارات میں دو ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹو نٹی میچوں پر مبنی مکمل سیریز کھیلیں گی۔