فیصل آباد(سپورٹس ڈیسک)سپر ایٹ ٹی ٹوینٹی کے تیسرے روز پشاور پینتھرز نے ایبٹ آباد فالکنز کو چھے وکٹوں سے ہرا دیا، رفعت اللہ مہمند مین آف دی میچ قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جنید خان کی قیادت میں ایبٹ آباد کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پرایک سو اٹھتر رنز بنائے، سجاد علی باون رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پشاور کی طرف سے عمران خان سینئر، عمران خان جونیئر اور زوہیب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور پینتھرز نے رفعت اللہ مہمند اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف ایک اوور قبل ہی حاصل کر لیا۔ ایبٹ آباد کی طرف سے جنید خان، احمد جمال اور کامران غلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔