92 نیوز: ( لاہور) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت سیز فائر کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی ثالثی کی طویل کوشش کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامن سینس اور ذہانت سے کام لینے پر میں دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ‘۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کرلیا۔
ایکس پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتا کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی شب پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے 5 طیارے بھی مار گرائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ائیر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ جس پر پاکستان نے 10 مئی کو سورج نکلنے سے پہلے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔
یہی نہیں بلکہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔ علاوہ ازیں بھارتی شہروں میں پاکستانی ڈرونز کے گشت سمیت کئی اقدامات نے بھارت کے چھکے چھڑادیے۔