اسلام آباد: (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلگام کی آڑ میں بھارت کے سیاسی مقاصد کا کچا چٹھہ عالمی میڈیا کے سامنے کھول دیا۔ ماضی سے لے کر حال تک کی بھارتی ڈرامے بازیاں ثبوتوں کے ساتھ پیش کردی گئیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی پروپیگنڈے اور جارحیت کے پس پردہ حقائق سے عالمی میڈیا کو آگاہ کردیا۔ کب حملہ ہوا؟ کب الزام لگا؟ اور کب مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلگام حملے پر بھارتی عوام کے سوالات سے بھی عالمی میڈیا کو آگاہ کردیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ایسے ڈرامے پہلی بار نہیں ہورہے۔ پہلے بھی ہوئے اور بھارتی عوام کے ردعمل نے ان کے حقائق عیاں کئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ یہ حقائق آج سے نہیں بہت پہلے سے جانتے ہیں۔ بھارت آج بھی وہی کررہا ہے جو کچھ ماضی میں کرتا رہا ہے۔ ہر بار دہشت گردی کے بعد کشمیریوں اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن سندور ناکام! بھارتی رافیل کیسے تباہ ہوئے؟ ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد کے اہم انکشافات
پاکستان میں روزانہ کی بنیادوں پر دہشت گرد حملے کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور اس کے پیچھے بھی بھارت ہے، پاکستان کے پاس ٹھوس شواہد ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بھارتی حکمران خود بھی دہشت گردی کی پشت پناہی کا اعتراف کرچکے ہیں، جعفر ایسکپریس پر حملے میں بھی بھارت ملوث تھا۔ دہشت گردی کے بعد بھارتی میڈیا جشن مناتا رہا۔ بھارت دہشت گردوں کو علاج معالجے کی سہولیات بھی دیتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ بھارت میں دہشت گردوں کو تربیت دینے کیلئے باقاعدہ کیمپ موجود ہیں اور بھارت دہشت گردوں کو فنڈنگ بھی کرتا ہے۔