لاہور: (92 نیوز) پاک بھارت جنگی صورتحال کے باعث کھیلوں کے میدان ویران ہوگئے، انڈین پریمیئر لیگ کے بعد پاکستان پریمیئر لیگ بھی معطل کردیا گیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی تمام 8 میچز ملتوی کر دیے گئے، ایل او سی پر صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے جس کے باعث پاکستان سپر لیگ معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے 78 ڈرونز کی دراندازی اور میزائل حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد میچز کی منسوخی کا فیصلہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو پاکستان سے جنگ مہنگی پڑ گئی، انڈین پریمیئر لیگ معطل کر دیا گیا
بھارتی جارحیت کے باعث قومی توجہ اور جذبات افواجِ پاکستان کے ساتھ جڑے ہیں، ترجمان پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی اور کھلاڑی شہداء کے لواحقین اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ کرکٹ ہماری خوشی کا ذریعہ ہے مگر ملک کی خودمختاری اولین ترجیح ہے۔
ترجمان پی سی بی نے مزید کہا کہ ملکی صورتحال کے پیشِ نظر کرکٹ کو باوقار توقف دینا ضروری ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کے ذہنی سکون اور ان کے اہلِ خانہ کے خدشات کا احترام کرتے ہیں، پی سی بی نے تمام شراکت داروں، فرنچائزز، کھلاڑیوں اور اسپانسرز کی کوششوں کو سراہا۔