اسلام آباد: (92 نیوز) پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کے جنگی جنون سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہے، دوسرے ممالک میں بھارت کے قاتل اسکواڈ کا سب کو علم ہے۔
بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان کیخلاف منفی پراپیگنڈا کیا، ترجمان دفتر خارجہ نے سوال اٹھایا کہ کیا کسی ملک کو سوشل میڈیا کی بنیاد پر حملے کی اجازت دی جاسکتی ہے؟ بھارتی اقدام نے دوجوہری قوتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا، پاکستان اپنے دفاع میں اقدامات اٹھائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ، شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان کے خلاف منفی پروپیگینڈا کیا۔ عالمی دنیا بھارت کو اس کے جرائم کا ذمہ دار ٹہھرائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت آج تک سمجھوتہ ایکسپریس میں 40 پاکستانیوں کے قتل کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لاسکا، جبکہ ممبئی حملوں اور پٹھان کوٹ مقدمے کا فیصلہ بھی بھارتی ہچکچاہٹ کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان جب حملہ کرے گا تو دنیا دیکھے گی: ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھارت کو وارننگ
بھارتی سیکرٹری خارجہ کے غیر سفارتی بیان کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر ممکن ضبط و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، بھارتی اقدام نے دوجوہری قوتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا، پاکستان اپنے دفاع میں اقدامات اٹھائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بھارتی اعلان کو پاکستان کیلئے بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت کروڑوں لوگوں کا پانی پر انحصار ہے، بھارت کا اسے معطل کرنا بین الاقوامی معاہدوں کو اہمیت نہ دینا ہے۔