اسلام آباد: (92 نیوز) بھارت کی جنگی صلاحیت کا ایک اور پول کھل گیا۔ پاک فوج نے بھارت کے اب تک 77 ڈرونز مار گرائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارا نظام چھوٹے سے چھوٹے ڈرون کو بھی ٹریک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت کی طرف سے بھجوائے گئے تمام ڈرونز مسلسل ریڈار پر مانیٹر ہو رہے تھے۔
بھارت کے ناکام ڈرون حملوں نے اس کی جنگی صلاحیت کا ایک اور پول کھول دیا۔ پاک فوج نےابتک 77 اسرائیلی ساختہ بھارتی ڈرونز کو مار گرایا ہے۔ بھارت کی جانب سے کراچی، لاہور، راولپنڈی سمیت دیگر بڑے شہروں میں ڈرون حملے کیے گئے جنہیں پاکستان کے ایئر ڈیفنس نے ناکام بنایا۔ آج وہاڑی، پاکپتن اور اوکاڑہ میں بھی اسرائیلی ساختہ 6 ڈرون تباہ کیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 مئی کی شام تک 29 بھارتی ڈرونز جبکہ کل رات سےابتک مزید 48 ڈرونز تباہ کر دئیے گئے ہیں۔ یوں اب تک مکار اور بزدل دشمن کے کل 77 ڈرونز مار گرائے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان جب حملہ کرے گا تو دنیا دیکھے گی: ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھارت کو وارننگ
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ تمام ڈرونز مسلسل ریڈار پر مانیٹر کیے جا رہے تھے۔ ہمارا ایئر ڈیفنس سسٹم چھوٹے سے چھوٹے ڈرون کو بھی ٹریک کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
شہری آبادی اور کمرشل فلائٹس کی موجودگی میں ڈرون گرانے کے لیے ایک باقاعدہ آپریشنل طریقہ کار موجود ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ہروپ ڈرونز کی کامیاب ٹریکنگ سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کا ایئر ڈیفنس سسٹم انتہائی جدید، مؤثر اور قابل اعتماد ہے جو مسلسل دشمن کی کارروائیوں کو ناکام بنا رہا ہے۔