لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج کی مؤثر اور منہ توڑ جوابی کارروائی جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دشمن کی کئی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہناہےکہ کیلر سیکٹر میں بھارتی فوج کی ڈوبہ مور پوسٹ، بٹالین ہیڈ کوارٹر سوجی اور پیر کانتھی سیکٹر میں واقع جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ان حساس اور اہم فوجی تنصیبات کی تباہی سے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ کارروائیاں بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں کی گئیں، اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی پاک فوج نے مؤثر ردعمل دیتے ہوئے متعدد بھارتی چیک پوسٹس کو تباہ کیا تھا۔
پاکستانی افواج کی یہ کارروائیاں نہ صرف دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب ہیں بلکہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بھرپور عزم کا مظہر بھی ہیں۔