بھارتی فورسز نے علی الصبح آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے مضافاتی علاقے چوکی کوٹیڑی پر بلا اشتعال گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں 22 سالہ نوجوان اسامہ شہید جبکہ اس کی 2 بہنیں زخمی ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق گولہ باری کا واقعہ صبح 3 بجے کے بعد پیش آیا، جب بھارتی فورسز کی جانب سے اچانک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک گولہ براہ راست اسامہ کے گھر پر گرا جس سے وہ موقع پر شہید ہو گیا جبکہ اس کی دو بہنیں شدید زخمی ہوئیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال باغ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جبکہ علاقے میں شدید خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔
پاکستانی حکام نے بھارتی جارحیت کو بلا اشتعال اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی ہیں بلکہ بے گناہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔