لاہور: ( ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارت کے علاقوں پر حملے کے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارتی میڈیا کے الزامات، پروپیگنڈے کو مسترد کرتا ہے، پٹھان کوٹ، جیسلمیر اور سری نگر پر حملے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزامات کا عمل سوچے سمجھے منصوبے کا عکاس ہے، الزامات کا مقصد خطے کو غیرمستحکم اور جارحیت کیلئے بہانہ تراشنا ہے۔
یہ بھی پرھیں: پاکستانی شہریوں کا ایک اور کارنامہ، بھارتی رافیل کے پرزےOLX پرلگا دیے؟
دفترخارجہ کے مطابق اس قسم کی کارروائیاں علاقائی امن کو مزید خطرے میں ڈالتی ہیں، بھارت کا رویہ انتہائی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ پاکستان عالمی تنظیموں سے بھارتی رویے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتاہے، پاکستان پوری قوت سے اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ جواب دے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان امن کے لیے پُرعزم اور چوکس ہے، پاکستان اشتعال انگیزی، دھمکیوں یا گمراہ کن مہم سے مرعوب نہیں ہوگا، پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔