ویب ڈیسک: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں ملکی سیاسی و عسکری قیادت نے بھرپور شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف تھے، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نشانِ امتیاز (ملٹری) کے حامل مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، غیر ملکی سفارتکاروں اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی تقریب میں اپنی موجودگی یقینی بنائی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ وزیر اعظم کی تقریب میں آمد کے موقع پر بگل بجا کر اعلان کیا گیا اور انہیں بھی سلامی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعہ! غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کا حصہ بننے کیلئے تیار ہیں،وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے پریڈ کا معائنہ کیا اور گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کی حلف برداری کے موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ اعزازی شمشیر انڈر آفیسر محمد حنان ملک کے حصے میں آئی، صدارتی گولڈ میڈل انڈر آفیسر زین العابدین نے حاصل کیا جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل نیپال کے کیڈٹ کو دیا گیا۔ لیڈی کیڈٹ لائبہ رحمان اور انڈر آفیسر محمد طلحہ ایاز کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔
وزیر اعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اتحاد، تنظیم اور قومی مفاد کی علامت ہیں، اور دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہماری افواج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کی روشنی میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔