ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے جمعرات یکم مئی کو محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر صوبہ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
سندھ حکومت کے اعلامیے کے مطابق جمعرات یکم مئی کو صوبہ بھر کے سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ تمام تعلیمی ادارے بشمول اسکول، کالجز اور جامعات بھی تعطیل کے باعث بند ہوں گے، اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
محنت کشوں کے حقوق کے اعتراف میں منائے جانے والے اس دن کو دنیا بھر میں یومِ مزدور کے طور پر منایا جاتا ہے اور سندھ حکومت ہر سال کی طرح اس سال بھی تعطیل کا اعلان کرچکی ہے،پاکستان میں قومی سطح پر یوم مزدور منانے کا آغاز 1973ء میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ہوا تھا۔
یکم مئی 1886ء کے دن امریکا کے شہر شکاگو میں مزدور، سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی جانب سے کیے جانے والے استحصال پر سڑکوں پر نکلے لیکن پولیس نے جلوس پر فائرنگ کرکے سیکڑوں مزدوروں کو ہلاک اور زخمی کیا جبکہ درجنوں کو پھانسی دی گئی۔
شکاگو کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دنیا کے بیشتر ممالک میں یکم مئی کو محنت کشوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، یکم مئی کو ہر سال یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدوروں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔