کراچی: (92 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں سونے کی قیمت نے عوام کے ہوش اُڑا دیے، سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں تیزی رہی، انٹر بینک میں ڈالر 15 پیسے مہنگا ہوگیا۔
پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں فی تولہ قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 8100 روپے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد ایک تولہ سونا 3 لاکھ 57 ہزار 800 روپے کا ہوگیا ہے۔
بات کی جائے 10 گرام سونے کی تو 10 گرام سونے کی قیمت 6944 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 6 ہزار 755 روپے ہوگئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 69 ڈالر اضافے کے ساتھ 3395 ڈالر فی اونس ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام تیزی پر ہوا، مارکیٹ میں 1 لاکھ 18 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی، ہنڈریڈ انڈیکس 1067 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 18 ہزار 383 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ
دن بھر مجموعی طور پر 449 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا، 251 کمپنیوں کے شیئرز میں اضافہ جبکہ 157 کے شیئرز میں کمی ہوئی، آج مارکیٹ کی بلند ترین سطح 118،827 جبکہ کم ترین سطح 117،712 رہی۔
انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں 15 پیسے کا اضافہ ہوا، 15 پیسے کے اضافے کے بعد انٹربینک میں ڈالر 280 روپے 87 پیسے پر بند ہوا۔