اسلام آباد: (92 نیوز) افریقی ملک روانڈا کے وزیر خارجہ چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ بھی آج شام پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات، تجارت، تعلیم، اور ترقیاتی تعاون جیسے اہم شعبوں پر بات چیت کریں گے۔
افریقی ملک روانڈا کے وزیر خارجہ اولیور پی جے چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل افریقہ حسنین یوسف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اسکے علاوہ پاکستان میں تعینات روانڈا کی ہائی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھکاریوں اور انسانی سمگلنگ روکنے کا مشن! وزیر داخلہ سے سعودی سفیر کی ملاقات
ذرائع کے مطابق روانڈا کے وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات، تجارت، تعلیم اور ترقیاتی تعاون جیسے اہم شعبوں پر بات چیت کریں گے۔ ان کی ملاقاتیں وزیر خارجہ، وزیر تجارت اور دیگر اعلیٰ حکام سے متوقع ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ بھی آج شام اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔ دورے کا مقصد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔