اسلام آباد: (92 نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں شدید موسمی صورتحال کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے کئی اضلاع میں طوفانی بارش، آندھی اور ژالہ باری کی وارننگ جاری کردی۔ شمالی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان، سیاحوں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں، خاص طور پر پنجاب اور اسلام آباد کے لیے شدید موسمی صورتحال کی پیشگوئی کردی۔ آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران مغربی موسمی سلسلے کے اثرات کے تحت گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کے امکانات بڑھ گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پوٹھوہار کے علاقے اس موسمی سسٹم سے براہ راست متاثر ہو سکتے ہیں۔ لاہور سمیت وسطی پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی شدید بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں موسم کے تیور بدلنے لگے! بارش اور ژالہ باری نے ہرطرف تباہی مچادی
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث نقصانات کا شدید خدشہ ہے۔ شمالی علاقہ جات میں بھی صورتحال سنگین ہوسکتی ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، خاص طور پر 18 سے 20 اپریل کے دوران سیلابی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور عام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے مکمل آگاہی حاصل کریں اور خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔