ویب ڈیسک: آج علی الصبح پاکستان کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جن میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، پشاور، راولپنڈی، گجرات، ظفروال، اور سرائے عالمگیر میں زمین لرز اٹھی۔ اس کے علاوہ مالاکنڈ، نوشہرہ، شانگلہ، چترال، لنڈی کوتل، مانسہرہ، سوات، ایبٹ آباد، مردان، اور ہری پور میں بھی زلزلے کے اثرات دیکھنے میں آئے۔
آزاد کشمیر کے علاقوں، خاص طور پر بھمبر اور سماہنی میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے مقامی آبادی میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ شہری گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 121 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ہندوکش، افغانستان کا علاقہ تھا۔ عالمی زلزلہ پیما ادارے نے اس کی شدت 5.6 بتائی ہے۔ جھٹکے افغانستان کے ساتھ ساتھ ازبکستان اور تاجکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔