اسلام آباد: (92 نیوز) وفاقی حکومت کاپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے سے حاصل ہونے والی رقم اہم شاہراہیں بنانے پر استعمال کریں گے۔ یہ پیسہ کچھی کینال فیز 2 مکمل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا۔ وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ہم نے پٹرول کی قیمتیں کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ رقم بلوچستان کی سب سے اہم شاہراہ این 25 چمن، کوئٹہ، قلات، خضدار، کراچی شاہراہ کو دو رویہ کرنے پر استعمال کی جائے گی۔ اس رقم کو کچھی کینال فیز 2 مکمل کرنے پر بھی استعمال کریں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، جو کہ خصوصی طور پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک تھے، نے بلوچستان کے عوام کے لئے این 25 کی بحالی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا وفاقی بجٹ کیا ہوگا؟ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آغاز
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی سیکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہوگی اور صوبے سمیت پاکستان بھر میں خوشحالی آئے گی۔ وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر پیٹرولیم لیوی میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم سے قومی محصولات میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر حکومت کی ڈومیسٹک سکیورٹیز جاری کرنے کے حوالے سے سسٹین ایبل انوسٹمینٹ سکوک فریم ورک کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بل پارلیمینٹ بھیجنے کی منظوری بھی دی۔