اسلام آباد: (92 نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی کا اہم ستون قرار دیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے، اوورسیز پاکستانی اس کی بہترین مثال ہیں۔ دہشت گردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ جب تک عوام افواج کے ساتھ ہیں، کوئی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا اوورسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں پاکستان کی ترقی کا اہم ستون قرار دیا۔
سپہ سالار نے کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبات دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں۔ جو لوگ برین ڈرین کا بیانیہ بناتے ہیں، وہ جان لیں کہ یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے۔ بیرون ملک پاکستانی اس کی عمدہ ترین مثال ہیں۔ ہر اوورسیز پاکستانی پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کی حقیقی کہانی اپنی نسلوں تک پہنچائے۔
پاکستان کے دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں کا خیال ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ دہشت گردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔
سپہ سالار نے بلوچستان کو پاکستان کی تقدیر اور ماتھے کا جھومر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک عوام افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ جو پاکستان کی ترقی کے راستے میں حائل ہوگا ہم مل کر اُس رکاوٹ کو ہٹا دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے کنونشن: وزیراعظم کا خصوصی پیکیج کا اعلان
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی قوم نہ کبھی مشکلات سے ڈری ہے، نہ جھکی ہے اور نہ ہی آئندہ جھکے گی۔ ہم پاکستان کو اس مقام پر لے جانا چاہتے ہیں جس کا خواب قائدِ اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ سوال یہ نہیں کہ پاکستان نے کب ترقی کرنی ہے، اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان نے کتنی تیزی سے ترقی کرنی ہے۔
سپہ سالار نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ خطاب کے اختتام پر آرمی چیف اور تمام شرکا نے پاکستان زندہ آباد کا فلک شگاف نعرہ لگایا۔