ریاض: (92 نیوز) امریکا اور سعودی عرب کے درمیان سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے معاہدے پر معاملات طے پا گئے، معاہدے پر اگلے ماہ دستخط ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ بھی جوہری مذاکرات ٹھیک چل رہے ہیں، تاہم امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ سفارتکاری ناکام ہوئی تو ایران اپنے خلاف کارروائی کیلئے تیار رہے۔
امریکا اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون اور سویلین نیو کلیئر ٹیکنالوجی کے معاہدے پر معاملات طے پا گئے، ابتدائی معاہدے پر اگلے ماہ صدر ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب میں دستخط کئے جائیں گے۔
امریکی سیکرٹری توانائی کرس رائٹ نے ریاض میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان جوہری تعاون سے متعلق تفصیلات اس سال کے آخر میں سامنے آئیں گی، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اگلے 4 سال کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ کا آخری اسپتال بھی اسرائیلی جارحیت کے باعث تباہ ہوگیا
دوسری طرف صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات ٹھیک جارہے ہیں، میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ٹیرف اور یوکرین کے مذاکرات بھی اچھے جا رہے ہیں لیکن کسی وقت آپ کو خاموش رہنا پڑے گا۔
امریکی وزیر دفاع نے بھی بات چیت کو مثبت قرار دیا، تاہم انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ایٹمی معاہدے پر مذاکرات ناکام ہوئے تو ایران کو بڑی کارروائی کیلئے تیار رہنا ہوگا، ہم کسی صورت ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، امریکا کو ایران کیخلاف فوجی کارروائی کرنا پڑی تو ہم بہت دور تک جائیں گے۔