لاہور: (92 نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی عیدالفطر کی نماز کے روح پرورمناظر دیکھنے میں آئے، نماز عید کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔
ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہورمیں بھی عید الفطر کی نماز کے روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے، جامعہ مسجد داتا دربار میں خطیب مفتی محمد رمضان سیالوی کی امامت میں شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی۔ نماز عید کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔
بادشاہی مسجد میں مولانا عبد الخبیر آزاد نے نماز پڑھائی، باغ جناح میں بھی مولانا رشید عارف کی امامت میں نماز عید ادا کی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جامعہ نعیمیہ میں عیدالفطر کا بڑا اجتماع ہوا، ،ڈاکٹر راغب نعیمی نے عید کی نماز پڑھائی۔
یہ بھی پڑھیں: میٹھی عید الفطر پر مٹھائی میں گلاب جامن سب کی پسند
ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں بھی نماز عید الفطر ادا کی گئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سمیت پولیس افسران، جوانوں نے عید کی نماز پڑھی۔
ادھر گوجرانوالہ کی مساجد اورعید گاہوں میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی، اوکاڑہ میں بھی مختلف مقامات پر عید الفطر کی نماز ادا کی گئی، قصور، پھول نگر، نارووال، چونیاں، رینالہ خورد، ننکانہ صاحب اور پاکپتن میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ پولیس کی بھاری نفری عید گاہوں اور مساجد کی سیکورٹی پر تعینات رہی۔