(ویب ڈیسک ) کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر بڑیچ مارکیٹ میں پولیس وین کے قریب دھماکا ہوا ہے جس میں 2 افراد شہید جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کے زخمیوں کو سول ہسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے دھماکے میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا بیان
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہناہے کہ کوئٹہ ڈبل روڑ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکہ ہوا ہے، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، سیکیورٹی فورسز جائے موقع پر پہنچ گئی ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے،۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ سرِ دست کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے،واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا اظہار تعزیت
وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کےشریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان کو ٹارگٹ کر رہی ہیں۔ عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنائیں گے۔