واشنگٹن: (92 نیوز) پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھادیا، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کشمیری عوام کیلئے حق خودارادیت یقینی بنانا سلامتی کونسل کی ذمہ داری قرار دیا ہے۔
پاکستانی قونصلر گل قیصر سروانی نے کہا کہ کوئی بھی کشمیر کی قانونی، سیاسی اور تاریخی حیثیت نہیں بدل سکتا، اقوام متحدہ کو چاہیے کشمیر ایشو کو سیریس لے اور حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے۔
پاکستان کا اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ، بھارتی مندوب کو بھی منہ توڑ جواب، اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل کا مشورہ دے دیا۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل سے خطاب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ کشمیری عوام سے استصواب رائے کے ذریعے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا گیا تھا، اسے یقینی بنانا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف 47! امریکی صدر کا سکستھ جنریشن جنگی طیارہ بنانے کا اعلان
سلامتی کونسل میں مباحثے کے دوران پاکستانی قونصلر گل قیصر سروانی کا بھارتی مندوب کو کرارا جواب، کہا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے نہ ہی کبھی تھا۔ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، بھارت جموں و کشمیر پروحشیانہ طاقت کے ذریعے قابض ہے۔
گل قیصر سروانی نے کہا کہ بھارتی مندوب کو ایک بار پھر دہشت گردی کا واویلا کرتے سنا تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹائی جاسکے۔