اسلام آباد: (92 نیوز) نیٹ میٹرنگ صارفین کے معاہدے کی مدت پانچ سال تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بائی بیک ریٹس 10 روپے فی یونٹ کرنے کی پالیسی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ہدایات کے مطابق بلنگ کے طریقہ کار میں تبدیلی کی جائے گی، نیپرا جدید انورٹر معیارات کو قانونی فریم ورک میں شامل کرے گا اور تمام نئے صارفین کو ان معیارات پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔
نیٹ میٹرنگ صارفین کے معاہدے کی مدت پانچ سال تک محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کے تحت بائی بیک ریٹس وقتاً فوقتاً تبدیل ہوں گے۔ پاور ڈویژن نے بائی بیک ریٹس میں نظرثانی کی پالیسی ہدایات جاری کردیں، جس کے تحت نیٹ میٹرنگ کا بائی بیک ریٹ 10 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
نیپرا مستقبل میں بائی بیک ریٹس پر نظرثانی کرسکے گا اور نیا میکنزم متعارف کرایا جائے گا۔ بلنگ کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی جائے گی، جس میں درآمد شدہ اور برآمد شدہ یونٹس کو الگ الگ شمار کرنے کی حکمت عملی کو اپڈیٹ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ریکوڈک فزیبلٹی اسٹڈی مکمل! 627 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری
برآمد شدہ یونٹس کو منظور شدہ خریداری نرخ پر خریدا جائے گا جبکہ درآمد یونٹس ماہانہ بلنگ سائیکل میں پیک آف/ پیک ریٹ کے مطابق خریدے جائیں گے۔
نیپرا جدید انورٹر معیارات کو قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک میں شامل کرے گا اور تمام نئے نیٹ میٹرنگ صارفین کو جدید ترین معیارات پر عمل کرنا ہوگا۔ جدید انورٹرز کو گرڈ کے ساتھ ریئل ٹائم شمولیت کی صلاحیت فراہم کی جائے گی۔