ڈی جی خان: (92 نیوز) ڈیرہ غازی خان پولیس ایک بار پھر دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیواربن گئی، رواں ماہ لکھانی چیک پوسٹ پر خوارج کا پانچواں حملہ بھی ناکام بنادیا، دو گھنٹے مقابلہ جاری رہنے کے بعد دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہوگئے۔
ڈیرہ غازی خان پولیس نے دہشت گردوں کے عزائم ایک بار پھر خاک میں ملا دیئے، رواں ماہ تونسہ کی لکھانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا پانچواں حملہ بھی ناکام بنا دیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سحری کے وقت10 سے12 خوارج نے لکھانی چیک پوسٹ پر تین اطراف سے حملہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک رپورٹ: شہریوں کیخلاف تشدد پر استعفیٰ دینے والے فوجی کی ویڈیو اے آئی سے تیار کردہ!
ترجمان پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری اسلحہ استعمال کیا، پولیس کے جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دو گھنٹے مقابلہ جاری رہنے کے بعد دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہوگئے، آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد حسن خان نے آپریشن کی کمانڈ کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے خوارج کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دی ہے، کہا پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔