لاہور: (ویب ڈیسک) ماہ رمضان کا تیسرا عشرہ شروع ہوتے ہی حرمین شریفین میں ہزاروں زائرین معتکف ہوگئے، مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں بھی لاکھوں مسلمانوں نے اعتکاف کا آغاز کر دیا ہے، مسجد نبویﷺ شریف کی انتظامیہ نے ماہ صیام کے آخری عشرے میں ریاض الجنہ میں نماز کیلئے شیڈول کا اعلان کردیا۔
رمضان مبارک کی برکتیں اور رحمتیں پانے کیلئے دنیا بھرسے آئے ہزاروں زائرین مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ شریف میں اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے۔ نمازمغرب سے پہلے پہلے معتکفین حضرات مخصوص جگہوں پر پہنچ گئے۔
حرمین شریفین میں اعتکاف کیلئے درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی گئیں، جن میں اعتکاف کے خواہشمند افراد نے اعتکاف کے مقام کا انتخاب کیا، مسجد الحرام اورمسجد نبویﷺ شریف میں اعتکاف کا دورانیہ چاند رات کی نمازِ عشا تک رہے گا۔
سعودی عرب کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں بھی لاکھوں مسلمانوں نے اعتکاف شروع کردیا، فلسطین میں ہزاروں مسلمان ایک روز قبل ہی بیت المقدس پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں عید الفطر کب ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئے!
دوسری جانب مسجد نبویﷺ شریف کی انتظامیہ نے ماہ صیام کے آخری عشرے میں ریاض الجنہ میں نماز کیلئے شیڈول جاری کردیا، مردوں کے لیے روضہ شریف کی زیارت کا آغاز صبح 11:20 سے رات 8 بجے تک ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں رات 11 بجے سے 12 تک اور تیسرا مرحلہ رات 2 سے صبح 5 بجے تک ہوگا۔
خواتین کے لیے صبح 6 سے 11 بجے تک کا وقت مقرر ہے۔ ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کیلئے نسک پورٹل کے ذریعے پیشگی وقت حاصل کیاجاتاہے، ریاض الجنہ میں فی گھنٹہ 800 افراد کے عبادت کرنے کی گنجائش ہے اور یہاں اوسطا ہر زائر کو دس منٹ عبادت ودعا کیلئے ملتے ہیں۔