اسلام آباد: (92 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے معروف امریکی آئی ٹی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے امریکی کمپنی کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی باصلاحیت افرادی قوت میں عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیاد پر کام کرنے کی استعداد موجود ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی کمپنی کو پاکستان میں قومی اور بین الاقوامی صارفین کے لیے عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ وہ خود آئی ٹی، اے آئی اور دیگر جدید تکنیکی صلاحیتوں سے لیس کرنے کے پروگرام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی شعبے میں 25 ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف کے حصول کے لیے آئی ٹی کمپنیوں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میاں محمد نواز شریف ان ایکشن! پنجاب حکومت میں اہم ذمہ داری سنبھال لی
وزیراعظم سے ملاقات میں امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی کے سی ای او جیرومی کیپیلس کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے پاکستانی آئی ٹی شعبے سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد کی قابلیت اور شعبے کی ترقی میں ان کی محنت کی تعریف کی۔ کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی شعبہ سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے انتہائی موزوں ہے۔
جیریمی کیپیلس نے مزید کہا کہ امریکی کمپنی اس وقت پاکستان میں ہزار سے زائد انتہائی باصلاحیت اور قابل پاکستانی ماہرین کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔