لاہور: (ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی میں ناکامی کے بعد دورہ نیوزی لینڈ پر بھی قومی ٹیم کو پہلے ٹی 20 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے والے نئے نام بھی بری طرح ناکام ہوگئے، بیٹرز کچھ کر پائے نہ باؤلرز۔ نیوزی لینڈ نے 92 رنز کا ہدف گیارویں اوور میں باآسانی ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔
ٹیم بدلی، کپتان بدلا، جگہ بدلی، میدان بدلا، نہ بدلا تو شاہینوں کا انداز نہ بدلا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس کے نئے نام بھی ناکام ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل پائی، صرف 91 رنز پر ہی ڈھیرہوگئی، قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
پاکستان کے دونوں اوپنرز کھاتہ نہ کھول پائے۔ محمد حارث اورحسن نواز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ صفر پر دو اور ایک رنز پر پاکستان کے تین کھلاڑی پویلین لوٹے۔ خوشدل شاہ 32 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کپتان سلمان علی آغا بھی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو نہ بچا پائے، 18 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم میٹنگز میں کون مذاق اڑاتا تھا؟ عماد وسیم کا حیران کن دعویٰ
عرفان خان ایک، شاداب خان 3 رنز ،،جہانداد خان 17، عبد الصمد 7، ابرار احمد 2 اور شاہین آفریدی ایک رن ہی بنا پائے۔ نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کے 4 شکار، کائل جیمیسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کا 92 رنز کا ہدف گیارہویں اوور میں ایک وکٹ پر باآسانی پورا کیا۔ ٹم سیفرٹ 44 رنز پر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ فن ایلن 29 اورٹم روبنسن 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بہترین گیند بازی پر کائل جیمیسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی، اگلا میچ 18 مارچ کو کھیلا جائے گا۔