اسلام آباد: (92 نیوز) موسم نے پھر تیور بدل لئے، رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ بھی ٹھنڈا ہوگیا، ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی دوبارہ لوٹ آئی۔ اسلام آباد اور گردونواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ مختلف سیکٹرز میں بارش کی وجہ سے شہر اقتدار کا حسن نکھر آیا۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں 4 نایاب برفانی چیتوں کی ویڈیو وائرل
مری اور گلیات میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے ٹھنڈک مزید بڑھ گئی ہے۔ بالائی وادیوں کے پہاڑ برفباری کے بعد خوبصورت مناظر پیش کرنے لگے۔ ریشیاں لیپا روڈ کو 8 انچ برفباری کے باعث تاحال نہیں کھولا جاسکا جبکہ نتھیاگلی اور گلیات میں 3 سے 4 انچ تک برف پڑچکی ہے، جہاں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری تک گر گیا ہے۔
ایوبیہ اور خانسپور کے پہاڑوں نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ برفباری کے باعث گلیات کے ساتھ ساتھ ایبٹ آباد شہر بھی سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، سوات، مینگورہ، مالم جبہ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی جبکہ کالام، وادی کاغان اور مہوڈنڈ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔