اسلام آباد: (92 نیوز) بھارت عالمی سطح پر دہشتگردی میں ملوث، امریکا سمیت مختلف ملکوں میں دہشتگردانہ کارروائی پر کئی بار بے نقاب ہوا لیکن شرم اس کو آتی نہیں۔
بھارت کی دہشت گردی صرف مقبوضہ کشمیر اور پاکستان تک محدود نہیں، امریکا سمیت دیگر ممالک میں بھی ایسی کارروائیوں پر بھارت کو کئی بار ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہٹ دھرمی سے باز نہیں آیا۔
کینیڈا میں خالصتان تحریک کے سرگرم حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو 18 جون 2023 کو قتل کردیا گیا تھا، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی سرکار کو ذمہ دار ٹھہرایا، کینیڈین اخبار نے بھی رپورٹ میں کہا کہ مودی سرکار قتل سے باخبر تھی، کینیڈا نے بھارت پر سائبر حملوں کا بھی الزام لگایا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ غازی خان میں پنجاب پولیس نے دہشت گردوں کے 2 حملے ناکام بنادیے
امریکا میں خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ نے کہا ان کو بھارت کی جانب سے امریکی سرزمین پر قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، ادھر امریکی محکمہ انصاف نے اکتوبر 2024 میں نیویارک کے ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما کو قتل کرنے کی سازش پر بھارتی انٹیلی جنس اہلکار پر فرد جرم عائد کی۔
بھارت بنگلہ دیش کے ساتھ سرحد پر بھی بلا اشتعال حملوں میں ملوث رہا ہے، ساتھ ہی سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ کو بھی پناہ دے رکھی ہے، جس کو حکومت کی درخواست پر بھی واپس کرنے سے انکار کردیا گیا ہے۔
لداخ میں 15 جون 2020 کو بھارت نے چینی فوجیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں تو بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں 1947 سے ہی جاری ہیں۔