کراچی: (92 نیوز) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سہ ملکی سیریز جیت لی، قومی ٹیم فائنل میں تینوں شعبوں میں ناکام رہی، قومی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں صرف 243 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، نیوزی لینڈ نے مقررہ ہدف 28 گیندیں قبل 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔
چیمپئنر ٹرافی سے قبل پاکستان کا سہ ملکی سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا، نیوزی لینڈ کیخلاف فائنل میں قومی ٹیم کا تینوں شعبوں میں فلاپ شو رہا، بلے بازوں سے رنز بنے اور نہ بولرز وکٹیں اڑا سکے، رہی سہی کسر ناقص فیلڈنگ اور ناقص حکمت عملی نے پوری کردی۔
نیوزی لینڈ نے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز جیت لی، کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں بلے باز بیٹنگ کرنا ہی بھول گئے، پاکستان کے پہلے تین کھلاڑی صرف 54 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
اہم میچ میں فخرزمان کا بلا بھی نہ چلا، 10 رنز ہی بنا سکے، سعود شکیل نے 8رنز بنا کر پویلین کا راستہ ناپا، بابراعظم مسلسل تیسرے میچ میں بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے، 29 رنز پر چلتے بنے۔
کپتان اور نائب کپتان نے ایک بار پھر ذمہ داری دکھائی، چوتھی وکٹ کیلئے 88 رنز جوڑ کر بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، محمد رضوان 46اور سلمان آغا 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ، بابرکی بادشاہت برقرار
طیب طاہر 38، فہیم اشرف 22 اور نسیم شاہ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 242 رنز پر ڈھیر ہوئی، کیوی بولر ول او رورک نے 4 شکار کیے۔
جواب میں کیویز کی پہلی تین وکٹیں 108 رنز پر گریں، نسیم شاہ نے اپنے پہلے اوور میں وکٹ لے کر پاکستان کی امیدوں میں اضافہ کیا، ول ینگ 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کین ولیمسن 34 اور ڈیون کونوے 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم چوتھی وکٹ کیلئے 87 رنز جوڑ کر میچ کو فتح کی جانب لے گئے، ڈیرل مچل 57 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ٹام لیتھم شروع میں کئی مواقع ملنے کے بعد 56 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے۔
کیویز نے 243 رنز کا ہدف 46 ویں اوور میں 5 وکٹوں پرعبور کیا، نسیم شاہ 2، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور سلمان آغا ایک ایک وکٹ ہی حاصل کر سکے۔
نیوزی لینڈ کے ول او رورک کو شاندار بولنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا، کیوی ٹیم نے تینوں میچز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے سہ ملکی سیریز کا شاندار اختتام کیا۔